چین کے شمال مغربی صوبے گانسو کے شہر ڈون ہوانگ میں سیاح 7 ویں شاہراہ ریشم (ڈون ہوانگ) بین الاقوامی ثقافتی نمائش کا دورہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے شمال مغربی علاقے میں قدیم شاہراہ ریشم کے ایک اہم مرکز ڈون ہوانگ میں شروع ہونے والے 8 ویں شاہراہ ریشم (ڈون ہوانگ) بین الاقوامی ثقافتی نمائش میں 97 ممالک اور 8 بین الاقوامی تنظیموں کے ایک ہزار 200 سے زائد نمائندے جمع ہوئے ہیں۔
پیر تک جاری رہنے والی اس نمائش میں عالمی ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ثقافتی مکالمے، نمائشیں اور فن کے مظاہرےجیسی سرگرمیاں شامل رہیں۔
نمائش سے خطاب کرتے ہوئے تھائی لینڈ کی وزارت ثقافت کے مستقل سیکرٹری پراسوپ ریانگ نگوئن نے کہا کہ ڈون ہوانگ شاہراہ ریشم کی علامت اور ایک اہم مرکز ہے جہاں تہذیبیں آپس میں ملتی ہیں، خیالات کا تبادلہ ہوتا ہے اور مختلف فنون کو ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
صوبہ گانسو میں منعقد ہونے والی اس نمائش میں تھائی لینڈ مہمان خصوصی کے طور پر اپنے ثقافتی ورثے اور نسلی رسم و رواج کی نمائش کر رہا ہے۔
ریانگ نگوئن نے کہا کہ موگاؤ غاروں کی دیواروں پر بنی تصاویر کے فنی عناصر تھائی لینڈ کے مندروں کی دیواروں پر بنی تصاویر سے بہت سی مماثلت رکھتے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلق کی پوری عکاسی کرتا ہے۔
موگاؤ غاریں غیر معمولی ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرتی ہیں جنہیں 1987 میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ یونیسکو کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل چھو شِنگ نے نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے شمال مغربی علاقے میں ان غاروں کے اندرونی حصے میں دیواروں پر بنی تصاویر شاہراہ ریشم کے ساتھ ساتھ مذہب، فن اور فکری شعبوں میں گہرے مکالمے کی گواہی دیتی ہیں جس نے اس قدیم راستے پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔
ڈون ہوانگ جہاں 2 ہزار سال پہلے چینی ریشم اور چائے کو مغرب کی طرف جاتے ہوئے اور انگور، گاجر اور انار جیسی باہر کی پیداوار کو چین میں آتے ہوئے دیکھا گیا تھا، آج بھی ایک ایسا دروازہ ہے جو چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے لئے خدمات انجام دے رہا ہے جو ان سیاحوں اور سکالرز کو اپنی طرف راغب کر رہا ہے جو موگاؤ غاروں کی تاریخی اہمیت اور ثقافتی شمولیت کو مزید سمجھنے کے خواہشمند ہیں۔
