بیجنگ: چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے میانمار کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی مندوب جولی بشپ نے بیجنگ میں ملاقات کی۔
ملاقات میں چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ میانمار کے معاملے پر چین اپنی خودمختاری، آزادی، قومی اتحاد اور علاقائی سالمیت کے احترام کے لیے پرعزم ہے۔ اندرونی امور میں عدم مداخلت اور "میانمار کی زیر قیادت” امن عمل پر قائم ہے اس کے علاوہ چین مرکزی چینل کے طور پر آسیان کے کردار کی حمایت کرتا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ نے میانمار کے لئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی مندوب کے منفرد کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین، جولی بشپ کو ان کے فرائض کی انجام دہی میں مدد اور میانمار میں سیاسی مصالحت اور دیرپا امن و استحکام کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
ملاقات کے دوران جولی بشپ نے کہا کہ وہ میانمار مسئلے سے مناسب طریقے سے نمٹنے کی غرض سے اتفاق رائے تک پہنچنے کے لئے چین اور آسیان کے ساتھ قریبی رابطے برقرار رکھنے اور تعاون مستحکم کرنے کو تیار ہیں۔
