بدھ, ستمبر 17, 2025
تازہ ترینچین کا خدمات کی کھپت کے فروغ کے لئے اقدامات کا اعلان

چین کا خدمات کی کھپت کے فروغ کے لئے اقدامات کا اعلان

چین کے جنوب مشرقی صوبے فوجیان کے شہر شیامن میں سیاح پیدل چلنے والوں کے لئے مختص سڑک پر چہل قدمی کر رہے ہیں۔(شِنہوا)

بیجنگ(شِنہوا)چینی حکام نے خدمات کی کھپت کو بڑھانے کے لئے اقدامات کا ایک پیکج متعارف کرایا ہے جو کہ اندرونی طلب کو بڑھانے اور کھپت کے امکانات کو بروئے کار لانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔

ان اقدامات میں 5 شعبوں میں 19 نکات شامل ہیں جنہیں وزارت تجارت سمیت 9 سرکاری محکموں نے مشترکہ طور پر جاری کیا ہے۔

خدمات کے شعبے میں اعلیٰ سطح کے کھلےپن کو فروغ دینے کی کوششوں کے تحت چین انٹرنیٹ اور ثقافت جیسے شعبوں کے کھلےپن کو منظم طریقے سے فروغ دے گا جبکہ ٹیلی مواصلات، صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم میں آزمائشی پروگراموں کو وسعت دے گا۔

ملک بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کی حوصلہ افزائی کرے گا اور اعلیٰ درجے کی طبی خدمات، تفریحی اور چھٹیوں کے شعبوں میں مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنائے گا۔ اس کے علاوہ مزید غیر ملکی سرمایہ کاری اور نجی سرمایہ کو راغب کرنے کے لئے پابندیوں پر مبنی اقدامات کو مزید کم کیا جائے گا۔

مزید غیر ملکی سیاحوں کو چین میں خرچ کرنے کی ترغیب دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ملک بتدریج یکطرفہ ویزا چھوٹ کو مزید ممالک تک بڑھائے گا، علاقائی ویزا فری داخلے کی پالیسیوں کو بہتر بنائے گا، غیر ملکیوں کے لئے ویزا پالیسیوں کو موثر بنائے گا اور چین میں ان کے رابطے، رہائش اور ادائیگی کے طریقوں کو آسان کرے گا۔ اہل افراد کو 5 سالہ ملٹی پل انٹری ویزے بھی جاری کئے جائیں گے۔

اس کے علاوہ چین صارفین کے لئے قرض کی سہولت میں اضافہ کرے گا اور ان سروس فراہم کنندگان کو قرض کے سود پر مالی سبسڈی دے گا جو عوام کی روزمرہ زندگی سے قریبی تعلق رکھنے والے شعبوں میں کام کر رہے ہیں تاکہ ان کے مالیاتی اخراجات کم کئے جا سکیں۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!