بدھ, ستمبر 17, 2025
انٹرنیشنلچین اور امریکہ کے مابین تجارت اور ٹک ٹاک پر واضح اور...

چین اور امریکہ کے مابین تجارت اور ٹک ٹاک پر واضح اور تعمیری مذاکرات

ایک اعلیٰ چینی عہدیدار نے کہا ہے کہ چینی اور امریکی وفود نے باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر ٹک ٹاک سمیت باہمی دلچسپی کے اقتصادی اور تجارتی امور پر کھل کر تفصیلی اور تعمیری تبادلہ خیال کیا ہے-(شِنہوا)

میڈرڈ(شِنہوا)چین کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ چینی اور امریکی وفود نے باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر ٹک ٹاک سمیت باہمی دلچسپی کے اقتصادی اور تجارتی امور پر کھل کر تفصیلی اور تعمیری بات چیت کی ہے۔

چین کی وزارت تجارت میں بین الاقوامی تجارتی نمائندے اور نائب وزیر تجارت لی چھینگ گانگ نے ایک بریفنگ میں کہا کہ دونوں فریقین اس بات کو مکمل طور پر تسلیم کرتے ہیں کہ چین اور امریکہ کے درمیان مستحکم اقتصادی و تجارتی تعلقات نہ صرف دونوں ممالک کے لئے بلکہ عالمی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لئے بھی بہت اہمیت رکھتے ہیں۔

لی چھینگ گانگ نے کہا کہ چونکہ چین اور امریکہ 2 بڑی معیشتیں ہیں جن کی ترقی کی سطح اور معاشی نظام مختلف ہیں، اس لئے ان کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کے دوران اختلافات اور تنازعات کا آنا معمول کی بات ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اصل بات یہ ہے کہ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات کا احترام کیا جائے اور مسائل کو بات چیت اور مشاورت کے ذریعے مناسب طریقے سے حل کیا جائے۔

ٹک ٹاک کے حوالے سے لی چھینگ گانگ نے کہا کہ چین ہمیشہ سے ٹیکنالوجی، معیشت اور تجارت کے معاملات کو سیاسی رنگ دینے، انہیں بطور ہتھیار استعمال کرنے یا انہیں کسی مخصوص مقصد کے لئے استعمال کرنے کی مخالفت کرتا آیا ہے اور وہ کبھی بھی اصولوں، کمپنیوں کے مفادات یا بین الاقوامی انصاف و برابری کی قیمت پر کوئی معاہدہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین قومی مفادات اور چینی اداروں کے جائز حقوق و مفادات کا پختہ تحفظ کرے گا اور متعلقہ قوانین و ضوابط کے مطابق ٹیکنالوجی کی برآمد کی منظوری کے عمل کو جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی حکومت کمپنیوں کی منشا کا مکمل احترام کرتی ہے اور انہیں مارکیٹ کے اصولوں کے مطابق برابری کی بنیاد پر کاروباری مذاکرات کرنے میں تعاون فراہم کرتی ہے۔

لی چھینگ گانگ نے کہا کہ اس ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے ٹک ٹاک اور چین کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات پر واضح اور تفصیلی بات چیت کی اور ٹک ٹاک سے متعلق مسائل کو تعاون کے ذریعے حل کرنے، سرمایہ کاری میں رکاوٹوں کو کم کرنے اور متعلقہ اقتصادی و تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ایک بنیادی لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فریقین قریبی رابطے میں رہیں گے، متعلقہ معاہدوں کی تفصیلات پر بات چیت جاری رکھیں گے اور ہر ملک اپنے داخلی منظوری کے عمل سے گزرے گا۔

لی چھینگ گانگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان ہونے والی بات چیت میں طے پانے والے اہم نکات کی بنیاد پر فریقین سابقہ چین-امریکہ اقتصادی و تجارتی مذاکرات کے نتائج پر عملدرآمد جاری رکھیں گے، باہمی مشاورت کے نظام کو موثر طریقے سے استعمال کریں گے، باہمی تفہیم کو بڑھائیں گے، غلط فہمیوں کو کم کریں گے، تعاون کو مضبوط کریں گے اور باہمی مفادات پر مبنی مزید نتائج کے لئے کوشش کریں گے تاکہ چین-امریکہ اقتصادی تعلقات اور عالمی معیشت میں مزید استحکام لایا جا سکے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!