چین کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ چین نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی بحیرہ چین میں اختلافات پیدا کرنے، مشکلات کھڑی کرنے اور مخاصمت کو ہوا دینے کا سلسلہ فوری بند کرے تاکہ خطے میں امن و استحکام بحال ہو سکے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ چین نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی بحیرہ چین میں اختلافات پیدا کرنے، مشکلات کھڑی کرنے اور مخاصمت کو ہوا دینے کا سلسلہ فوری بند کرے تاکہ خطے میں امن و استحکام بحال ہو سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے حال ہی میں ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکہ اپنے فلپائنی اتحادی کے ساتھ کھڑا ہے اور ہوانگ یان ڈاؤ پر قومی قدرتی تحفظ گاہ قائم کرنے کے چین کے منصوبے کو مسترد کرتا ہے۔
ترجمان لین جیان نے روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران اس بیان پر تبصرہ کرنے کے لئے پوچھے گئے سوال کےجواب میں کہا کہ ہم نے آج امریکہ کی طرف سے غلط بیانات پر شدید احتجاج کیا ہے۔
لین نے کہا کہ ہوانگ یان ڈاؤ چین کا ایک موروثی علاقہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہوانگ یان ڈاؤ میں قومی قدرتی تحفظ گاہ کا قیام چین کی خود مختاری کے دائرہ کار میں آتا ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ معقول اور قانونی ہے اور قابل تنقید نہیں۔
لین نے کہا کہ اس وقت چین اور آسیان ممالک کی مشترکہ کوششوں سے جنوبی بحیرہ چین کی صورتحال مجموعی طور پر مستحکم ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ جو جنوبی بحیرہ چین کے معاملے کا فریق نہیں ہے، نے بار بار بے بنیاد بیانات دیئے ہیں اور اس نے متعلقہ فریقین کے درمیان بحری تنازعات میں مداخلت اور ملوث ہونے کا انتخاب کیا ہے۔
لین نے مزید کہا کہ بعض ممالک کو تنازعات پیدا کرنے اور کشیدگی بڑھانے کی ترغیب دے کر امریکہ نے جنوبی بحیرہ چین کی پرامن حالت میں خلل ڈالا ہے۔
لین نے کہا کہ یہ بالکل واضح ہے کہ کون بین الاقوامی قانون کی حکمرانی کے ساتھ ساتھ جنوبی بحیرہ چین میں امن اور استحکام کو برقرار رکھتا ہے اور کون اس کو تباہ اور مشکلات پیداکرنےوالا ہے۔
