چین کے دارالحکومت بیجنگ میں لوگ چین کے بین الاقوامی میلہ برائے خدمات کی تجارت 2025(سی آئی ایف ٹی آئی ایس) کے دوران پاپ مارٹ کے مجسمے کی تصاویر بنا رہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کا خدمات کی تجارت کا بین الاقوامی میلہ(سی آئی ایف ٹی آئی ایس) اتوار کے روز بیجنگ میں اختتام پذیر ہوگیا جس میں تعمیرات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مالیات سمیت مختلف شعبوں میں 900 سے زائد معاہدے طے پائے جو عالمی سطح پر بھرپور شرکت اور ڈیجیٹل تجارت میں جدت کی عکاسی کرتے ہیں۔
یہ میلہ شہر کے شوگانگ پارک میں منعقد ہوا جس میں 60 سے زائد ممالک اور 20 سے زیادہ بین الاقوامی تنظیموں کے شرکاء نے حصہ لیا۔ فورچیون گلوبل 500 کمپنیوں، یونی کارنز اور صنعت کی نمایاں کمپنیوں نے مصنوعی ذہانت، فن ٹیک، صحت عامہ اور ماحول دوست ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں 198 کامیابیاں متعارف کرائیں۔
ان کامیابیوں میں سے 109 نئی مصنوعات کی لانچنگ تھی جن میں درست دوا، الٹرا ہائی ڈیفینیشن آڈیو ویژول ٹیکنالوجی، فوٹونک کوانٹم کمپیوٹرز اور بائیونک سیل سینسرز جیسی جدید ایجادات شامل ہیں۔
وزارت تجارت کے شعبہ برائے خدمات کی تجارت اور کمرشل خدمات کے اہلکار ژو گوانگ یاؤ نے کہا کہ ہم سی آئی ایف ٹی آئی ایس کے پلیٹ فارم کے کردار کو مزید مضبوط کریں گے تاکہ ترقی کو فروغ دیا جا سکے، کھلے پن کو وسعت دی جا سکے اور اختراعی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ رواں سال کی نمائش میں حاصل کردہ نتائج اور اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنایا جائے۔
میلے کے دوران معاہدوں پر سرگرمی سے گفت و شنید کی گئی اور اس سال کے اعزازی مہمان آسٹریلیا نے چین کے ساتھ مالیات اور تعلیم سمیت 15 شعبوں میں تعاون کے ارادے ظاہر کئے۔
میلے کے ڈیجیٹل میچ میکنگ پلیٹ فارم پر8 ہزار 500 سے زائد کاروباری ملاقاتیں کی گئیں جبکہ پیشہ ورانہ شرکاء کی تعداد میں سالانہ بنیاد پر 12 فیصد اضافہ ہوا جو کہ تقریباً ایک لاکھ 16 ہزار تک جا پہنچی۔
5 روزہ میلے میں موقع پر2 لاکھ 50 ہزارسے زائد افراد راغب ہوئے جبکہ تقریباً 5 ہزار600 ورچوئل نمائش کنندگان نے بھی شرکت کی۔ بین الاقوامی شرکت میں بھی وسعت دیکھی گئی اور خدمات کی تجارت میں دنیا کے سرکردہ 30 ممالک اور خطوں میں سے 26 نے موقع پر نمائندگی کی۔
