پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وفاقی وزرا کے بیانات خیبرپختونخوا پولیس کے شہدا کی توہین کے مترادف ہیں، خیبرپختونخوا کی پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے، خیبرپختونخوا نے فرنٹ لائن پر لڑ کر باقی ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے محفوظ رکھا۔
اپنے بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ دہشت گرد کسی کے رشتے دار نہیں، اگر یہ آگ خیبرپختونخوا سے نکل گئی تو پورا ملک لپیٹ میں آجائے گا، وفاقی وزرا ایک پٹاخے پر بھی بیرون ملک بنائے گئے محلات کی طرف دوڑتے ہیں، وفاقی حکومت دہشتگردی کے خلاف سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور غیر ذمے دارانہ بیانات سے گریز کرے، وفاقی حکومت واقعی دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو افغانستان کو نظر انداز نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف اپنے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وفاق الزامات لگانے کے بجائے خیبرپختونخوا حکومت کو دہشت گردی کے خلاف مضبوط بنائے۔ بیرسٹر سیف نے یہ بھی کہا کہ قبائلی جرگوں کا بھی موقف ہے کہ افغانستان سے بات چیت سودمند ثابت ہوگی۔
