اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے جمہوریت کو عوام کی آواز و طاقت ،نمائندوں کے درمیان انصاف، مساوات، آزادی اور وقار کی ضمانت پر مبنی عہد قرار دے دیا۔
جمہوریت کے عالمی دن پر جاری بیان میں بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ جمہوریت ہماری قومی شناخت کی روح اور ترقی کی بنیاد ہے، یہ شہریوں کو سیاسی عمل میں شریک کرتی ، سیاسی تنوع کو فروغ دیتی ہے اور سب کیلئے یکساں حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت عوام کی آواز اور قوم کی طاقت ہے، جمہوریت محض طرزِ حکمرانی نہیں بلکہ عوام اور نمائندوں کے درمیان ایک عہد ہے جو انصاف، مساوات، آزادی اور وقار کا ضامن ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کا جمہوری سفر بے شمار شہدا کی قربانیوں سے عبارت ہے جن میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو سرفہرست ہیں، دونوں رہنماؤں نے عوام کے حق حاکمیت کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی سابق حکومت نے اٹھارویں آئینی ترمیم منظور کر کے 1973ء کے آئین کی روح کے مطابق پارلیمان کو مضبوط بنایا جو جمہوریت کی بڑی فتح ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تحفظ مقدس فریضہ ہے، اس پر سمجھوتہ دراصل مستقبل پر سمجھوتہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے جمہوری ہیروز کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی، ان کا حوصلہ اور ورثہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کی اصل طاقت عوام کی قوت میں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی نوجوان جمہوری اقدار کے خلاف ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے چوکس رہیں اور ایک جامع، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
