پیر, ستمبر 15, 2025
پاکستانصدرِ مملکت اور وزیرِاعظم کا جمہوری اقدار کے تحفظ اور فروغ کے...

صدرِ مملکت اور وزیرِاعظم کا جمہوری اقدار کے تحفظ اور فروغ کے عزم کا اظہار

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جمہوری اقدار اور اصولوں کے تحفظ و فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے جمہوری اداروں کو مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جمہوریت ہی وہ نظام ہے جو سماجی و اقتصادی انصاف، آزادیِ اظہار اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری کامیابی 1973ء کا آئین ہے جو مساوات اور انفرادی آزادیوں کی ضمانت فراہم کرتا ہے اور قومی یکجہتی کو فروغ دیتا ہے۔ صدر کا کہنا تھا کہ جمہوریت صرف ایک نظام نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے جو رواداری، مخالف آراء کے احترام اور اجتماعی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ آزمائشوں سے بھری رہی ہے لیکن ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو جیسے رہنماؤں کی قربانیوں نے جمہوری اداروں کے استحکام کی بنیاد رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری اداروں کو مزید مضبوط بنانے اور مؤثر اصلاحات کے ذریعے ہی ملک کو ایک بااختیار اور جامع پاکستان بنایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت عوام کی آواز اور ان کی نظامِ حکومت میں شمولیت کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری نظام کے فروغ میں 1973ء کے آئین کو مرکزی حیثیت حاصل ہے جو نہ صرف شہریوں کے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے بلکہ صوبوں کو بھی وفاق میں برابری کی حیثیت فراہم کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئینِ پاکستان پارلیمان کو بنیادی ادارے کے طور پر تسلیم کرتا ہے جو عوامی و ملکی مفاد کے تحفظ کے لیے قانون سازی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین نہ صرف عورتوں اور اقلیتوں کی شمولیت کو یقینی بناتا ہے بلکہ ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھی خصوصی اقدامات فراہم کرتا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک عصرِ حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ بنیادی جمہوری اصولوں کی پاسداری کے بغیر نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر بھی پاکستان ہمیشہ اقوامِ متحدہ کے اصولوں اور عالمی معاہدوں کے تحت جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے کام کرتا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ عوام، ادارے اور حکومت مل کر جمہوری اصولوں، بنیادی حقوق کے تحفظ اور ترقی یافتہ مستقبل کی تعمیر کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!