چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ اس نئے دور میں چین اور امریکہ کو عالمی امن و خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے، عالمی چیلنجز سے نمٹنا چاہیے اور بڑی طاقتوں کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ اس نئے دور میں چین اور امریکہ کو عالمی امن و خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے، عالمی چیلنجز سے نمٹنا چاہیے اور بڑی طاقتوں کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں۔
وانگ یی نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ چین اور امریکہ کے یہ دو بڑے جہاز اپنی راہ سے ہٹے اور رفتار کھوئے بغیر ہی ایک ساتھ آگے بڑھتے رہیں، ضروری ہے کہ دونوں ممالک کے سربراہان مملکت کی تزویراتی رہنمائی پر عمل کیا جائے اور ان کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر سمجھوتے کے بغیر عملدرآمد کیا جائے۔
وانگ یی نے کہا کہ حالیہ عرصے میں امریکہ کی جانب سے آنے والے منفی بیانات اور اقدامات نے چین کے جائز حقوق و مفادات کو نقصان پہنچایا ہے، چین کے داخلی معاملات میں مداخلت کی ہے اور چین-امریکہ تعلقات کی بہتری اور ترقی کے لئے نقصان دہ ثابت ہوئے ہیں۔ وانگ نے واضح کیا کہ چین ایسے رویے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ خاص طور پر ایسے معاملات پر اپنے بیانات اور اقدامات میں محتاط رویہ اختیار کرے جو تائیوان جیسے چین کے بنیادی مفادات سے متعلق ہوں۔
دونوں جانب سے اس گفتگو کو بروقت، ضروری اور نتیجہ خیز قرار دیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ چین- امریکہ تعلقات میں سربراہان مملکت کی سفارت کاری کے تزویراتی کردار کو مزید موثر طریقے سے بروئے کار لایا جائے، اختلافات کو مناسب انداز میں حل کیا جائے، عملی تعاون کے مواقع تلاش کئے جائیں اور دو طرفہ تعلقات کی مستحکم ترقی کو فروغ دیا جائے۔
