چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ میں یان تائی بندرگاہ پر برآمد کے لئے تیار گاڑیاں ںظرآ رہی ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین میں آٹو مارکیٹ نے اگست کے دوران مستحکم ترقی برقرار رکھی جہاں پیداوار اور فروخت دونوں میں دوہرے ہندسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
چائنہ ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز (سی اے اے ایم) کی جانب سےجمعرات کے روز جاری کئےجانےوالےاعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ ملک میں گاڑیوں کی پیداوار تقریباً 28 لاکھ 20ہزار یونٹس تک پہنچ گئی۔ یہ ایک سال قبل کی اسی مدت کے مقابلے میں 13 فیصد زائد ہےجبکہ گاڑیوں کی فروخت تقریباً 28 لاکھ 60 ہزار یونٹس رہی جو گزشتہ سال کی نسبت 16.4 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
مقامی گاڑیوں کی فروخت گزشتہ سال کی نسبت 15.6 فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 22 لاکھ 50ہزار یونٹس تک پہنچ گئی جبکہ روایتی ایندھن والی گاڑیوں کی مقامی فروخت میں 12.9 فیصد اضافہ ہوا جو مسلسل تیسرے مہینے ترقی کو ظاہر کرتا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق صارفین کو خریداری کی ترغیب دینے والی پالیسیوں اور نئے ماڈلز کے آغاز کی مضبوط کھیپ نے مستحکم ترقی کی رفتار کو سہارا دیا جبکہ آٹو کمپنیوں کو منصفانہ مسابقت برقرار رکھنے کی ترغیب دینے کے لئے وسیع تر کوششیں جاری ہیں۔
سی اے اے ایم کے مطابق جنوری سے اگست تک گاڑیوں کی مجموعی فروخت تقریباً 2 کروڑ 11 لاکھ 30 ہزار یونٹس رہی۔ یہ گزشتہ سال کی نسبت 12.6 فیصد زائد ہے۔ جنوری تا جولائی کی مدت کی نسبت فروخت میں 0.6 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔
خاص طور پر اس عرصے کے دوران نئی توانائی والی گاڑیوں کی پیداوار گزشتہ سال کی نسبت 37.3 فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 96 لاکھ 30 ہزار یونٹس رہی جبکہ فروخت 36.7 فیصد اضافے کے ساتھ 96 لاکھ 20ہزار یونٹس تک پہنچ گئی۔
