اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو ویڈیو کے ذریعے خطاب کررہے ہیں-(شِنہوا)
بیت المقدس(شِنہوا)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ ایسے ممالک جو حماس کے رہنماؤں یا دیگر ایسے گروہوں کو پناہ دے رہے ہیں جنہیں اسرائیل دشمن تصور کرتا ہے، اگر وہ ان گروہوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہے تو خود اسرائیل کا نشانہ بن سکتے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم کا یہ بیان اسرائیل کے دوحہ میں کئے گئے حملے کے ایک دن بعد آیا ہے، جس پر عالمی سطح پر سخت اور وسیع پیمانے پر مذمت کی گئی ہے۔
نیتن یاہو نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ میں قطر اور ان تمام ممالک سے کہتا ہوں کہ جو دہشت گردوں کو پناہ دیتے ہیں یا تو خود انہیں نکال دیں یا انصاف کے کٹہرے میں لائیں کیونکہ اگر وہ ایسا نہیں کریں گے تو ہم کریں گے۔
اسرائیل نے منگل کے روز دوحہ میں فضائی حملے کی تفصیلات جاری نہیں کیں، جس میں ایک ایسی عمارت کو نشانہ بنایا گیا جو حماس کے سینئر عہدیداروں کے زیر استعمال تھی۔ اسرائیلی حکام نے اس حملے کو ان رہنماؤں کو قتل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے جو 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے "براہ راست ذمہ دار” تھے، جس میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
حماس نے منگل کو کہا کہ یہ حملہ اس وقت ہوا جب اس کا وفد واشنگٹن کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی کی نئی تجویز پر بات چیت کر رہا تھا۔ گروپ کے مطابق مذاکراتی ٹیم بچ گئی تاہم دیگر 6 افراد مارے گئے۔
بدھ کے روز اسرائیل کے سرکاری چینل "کان ٹی وی” نے رپورٹ کیا کہ اندازے بڑھتے جا رہے ہیں کہ یہ حملہ اپنے اصل اہداف کو نشانہ بنانے میں ناکام رہا۔
