اسلام آباد: وزیر اعظم کے نوجوانوں کیلئے خصوصی اقدامات کے تحت نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور پاکستان گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے نوجوانوں کے فنی تربیت کے مفت کورسز کا آغاز کردیا۔
جاری بیان کے مطابق پی ایم وائے پی اور ایس آئی ایف سی کی مشاورت سے ترتیب پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو انڈسٹری کے ہمراہ ہنر سے روزگار کی طرف گامزن کرنا ہے۔
بیان کے مطابق نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہائی ڈیمانڈ سکلز میں انڈسٹری کے تجربہ کار اساتذہ کی زیر نگرانی تربیت دی جائے گی، 6ماہ پر مشتمل دورانئے کے کورسز میں کیڈ/ کیم کمپیوٹرائزڈ گلوز پیٹرن میکنگ، لیدر گلوز پیٹرن میکر اور لیدر گلوز سٹچر شامل ہیں۔
بیان کے مطابق پروگرام کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے یقینی مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے۔حکام کے مطابق کورسز کیلئے کم سے کم تعلیمی قابلیت مڈل یا میٹرک جبکہ عمر کی حد 16سے 40سال مقرر کی گئی ہے۔
کلاسز کا آغاز یکم اکتوبر سے ہو گا، حکام نے خواہشمند امیدواروں کو 25 ستمبر تک آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
