لاہور: اداکارہ و میزبان جگن کاظم نے کہا ہے کہ میرا شوہر فیصل ایچ نقوی کی سابقہ بیوی کے ساتھ خوشگوار تعلق ہے، ان کی سابقہ اہلیہ عائدہ نہایت مثبت اور مضبوط خاتون ہیں، ان کے ساتھ ان کا تعلق باہمی احترام پر قائم ہے اور وہ بچوں کے حوالے سے ایک دوسرے کا سہارا بنتی ہیں، عائدہ نہ صرف اپنے بچوں کے ساتھ بلکہ میرے بیٹے حمزہ کے ساتھ بھی بہت اچھا سلوک کرتی ہیں، اسی باہمی تعاون نے ہم سب کے درمیان ایک مضبوط رشتہ قائم کیا ہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایسے شخص کے ساتھ جس کے پہلے سے بچے ہوں، شادی تب ہی کامیاب ہوسکتی ہے جب بچوں کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کیا جائے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر کسی شخص کا اپنی سابقہ بیوی کے ساتھ تعلق اچھا نہ ہو تو کسی انسان کو ایک پل کا کردار ضرور ادا کرنا چاہیے تاکہ بچوں کی اہم تقریبات جیسے شادی یا گریجویشن پر دونوں والدین موجود رہ سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسی کوشش کے نتیجے میں وہ اپنے شوہر اور ان کی سابقہ بیوی کے ساتھ بچوں کی گریجویشن میں شریک ہوئیں۔ جگن کاظم نے یہ بھی انکشاف کیا کہ میرا بڑا بیٹا حمزہ، جو پہلی شادی سے ہے، شوہر کے سابقہ بچوں کے ساتھ رہتا ہے جہاں شوہر کی سابقہ بیوی بھی موجود ہوتی ہیں اور وہ حمزہ کا بھی خیال رکھتی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ان کے شوہر فیصل ایچ نقوی ان کے پہلے بیٹے کو بھی اپنی اولاد کی طرح سمجھتے ہیں۔
یاد رہے کہ جگن کاظم کی دوسری شادی سال 2013 میں فیصل ایچ نقوی سے ہوئی جن سے ان کے دو بچے ہیں، جب کہ ان کا بڑا بیٹا حمزہ پہلی شادی سے ہے اور فیصل ایچ نقوی کی بھی پہلی شادی سے دو اولاد ہیں۔
