لاہور: آل راونڈر شعیب ملک نے نوجوانوں کو شادی سے متعلق مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی لڑکا 25 سال سے پہلے شادی کر لیتا ہے تو یہ بہت اچھی بات ہے، اسلام بھی کم عمری میں شادی کرنے کی ترغیب دیتا ہے، لیکن اگر 25 سال کی عمر گزر گئی ہے تو پھر شادی میں جلدی نہ کریں، صبر کریں اور خود کو بہتر بنائیں، اگر شادی 25 سال تک نہیں ہوئی تو پھر 30 سال کے بعد ہی کرنی چاہیے۔
نجی ٹی وی پرو گرام میں22 سالہ طویل کرکٹ کیریئر پر بات کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ کوئی بھی ایتھلیٹ صرف دوستی یا جان پہچان کی بنیاد پر اتنا بڑا کیریئر بنا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وہ انٹرنیشنل لیگز میں بھی کھیلتے ہیں اور اگر وہ اتنے سال کرکٹ کھیلنے میں کامیاب ہوئے ہیں تو اس کی وجہ ان کی صلاحیت اور فٹنس ہے، کیونکہ کھلاڑی جب فٹ ہو تو ہی بہترین کارکردگی دکھا سکتا ہے۔
کرکٹر نے بتایا کہ تقریبا 14 سال کی عمر میں ان کا تعارف سابق کپتان عمران خان سے ایک کیمپ کے دوران کروایا گیا تھا، عمران خان اور وہاں موجود کوچز نے ان کی کرکٹ دیکھی جو انہیں پسند آئی، جس کے بعد ان کا نام ٹیم میں انتخاب کے لیے آگے بھیج دیا گیا۔
انہوں نے ایک اور واقعہ یاد کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں پریکٹس کے دوران، چونکہ وہ جونیئر تھے اس لیے زیادہ تر ان سے بالنگ ہی کروائی جاتی تھی، اسی دوران سابق کرکٹر جاوید میانداد نے انہیں بلایا اور کہا کہ تم ہر وقت بالنگ ہی کرتے رہتے ہو، تم بیٹس مین ہو، اب سے میں تمہیں زیادہ وقت دے کر بیٹنگ سکھاں گا، اس طرح انہوں نے بالنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ بھی سیکھی۔
