ملک بھر میں نبی اکرم حضرت محمد ﷺ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، لاہور کینٹ کے بی ایکس اسٹیڈیم میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
پشاور کے کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، بارہ ربیع الاول کے سلسلے میں ملک کے تمام شہروں میں گلی گلی چراغاں اور مسجدوں، بازاروں اور چوراہوں پر ہر طرف سبز پرچموں کی بہار ہے۔
ملک بھر میں جلوسوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے، محفل نعت کا انعقاد کیا جا رہا ہے، نماز فجر کے بعد مساجد اور گھروں میں ملکی ترقی، سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے خصوصی دعا ئیں کی گئیں۔
آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بین الاقوامی سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، بارہ ربیع الاول کی نسبت سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اورانٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔
