چین کے جنوبی ہانگ کانگ میں کنٹینر ٹرمینل کا منظر-(شِنہوا)
ہانگ کانگ(شِنہوا)2025 کے 7 ماہ کے دوران برآمدات میں گزشتہ سال کی نسبت 12.7 فیصد اضافے کے بعد ہانگ کانگ تجارتی ترقی کونسل (ایچ کے ٹی ڈی سی) نے سال 2025 کے لئے ہانگ کانگ کی مجموعی برآمدی ترقی کی پیش گوئی 3 فیصد سے بڑھا کر 7 سے 9 فیصد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایچ کے ٹی ڈی سی نے 2025 کی تیسری سہ ماہی کے لئے برآمدی اعتماد کا انڈیکس بھی جاری کیا جس کے مطابق موجودہ کارکردگی کا انڈیکس 53.3 رہا جو کہ پچھلی قدر 49.6 سے بہتر ہے۔ توقعات کا انڈیکس 54.3 رہا جو پہلے 49 تھا۔
ایچ کے ٹی ڈی سی ریسرچ کی ڈائریکٹر ایرینا فان نے کہا کہ اگرچہ اس پیش گوئی پر خوش ہونا فطری بات ہے مگر یہ ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ سال کے ابتدائی 7 مہینوں میں برآمدات کی توقع سے بہتر کارکردگی بڑی حد تک "فرنٹ لوڈنگ” تجارتی حکمت عملی کی وجہ سے تھی۔ اس کے فوائد آنے والے مہینوں میں کم ہو سکتے ہیں۔
اگست 2025 تک امریکہ نے اپنے کئی بڑے تجارتی شراکت داروں پر بھاری محصولات عائد کئے۔ اس کے علاوہ چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی مذاکرات جاری ہیں۔ فان نے خبردار کیا کہ لوگوں کو حد سے زیادہ پرامید ہونے سے گریز کرتے ہوئے محتاط رویہ اپنانا چاہیے۔
ایچ کے ٹی ڈی سی کے مطابق موجودہ صورتحال میں چینی مین لینڈ اور آسیان بلاک کو ان کی موجودہ کارکردگی کے تناظر میں نہایت امید افزا مارکیٹس کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
