اسلام آ باد: سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ پورے ملک میں لوگ بے یارو مددگار اور بے بس ہیں، پورا ملک اس وقت سیلاب کی زد میں ہے، 2022 میں سیلاب نے ملک کو لپیٹ میں لیا تھا، اس وقت بھی پی ڈی ایم کی حکومت تھی، ملکی معیشت اس وقت تباہ حالی کا شکار ہے، ڈالر کو مصنوعی طریقے سے روک دیا گیا ہے، موجودہ حکومت کشکول لیکر دوروں پر ہیں، ملک میں گندم کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، چند ہفتوں میں زرعی اجناس کا زبردست افراط زر آئے گا، گزشتہ برس زرعی شعبے کو 2 کھرب کا نقصان ہوا۔
خیبر پختونخوا ہاوس اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ بلوچستان میں سردار اختر جان مینگل کے قافلے پر حملہ افسوسناک ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں، حملہ کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں، سردار اختر جان مینگل اور ماہ رنگ بلوچ پاکستانی ہے، اس طرح کی کاروائیاں کسی کو خاموش نہیں کرسکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آج بھی جیل میں آپ لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے، ہم ایک ایسا معاشرہ چاہتے ہیں جہاں معیشت انسان اور غریب دوست ہو، ایسی پالیسیاں نہ بنیں جس سے صرف سیٹھوں کا فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج سندھ میں ایک خوف کا راج ہے، وہاں اگر کوئی خلاف بولتا ہے تو اس کا پانی بند کردیا جاتا ہے، میں خود وہاں کا دورہ کرکے آیا ہوں اور ہر کسی نے یہی بتایا کہ یہاں پانی کے بل بوتے پر سیاست ہوتی ہے، ہم نے اس ملک کو اگر ان زمینی خداوں سے آزاد کرانا ہے تو ہمیں جمہوریت کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا اور آزادی اظہار کا ساتھ دینا ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج یہ کوشش ہے کہ اس ملک میں جمہوریت کا نام لینے والے نہ رہیں، گھروں پر حملے کیے جارہے ہیں، صحافیوں اور آزاد صحافت پر حملے کیے جارہے ہیں، لوگوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش ہے لیکن سب ناکام ہورہا ہے، قوم آگے بڑھ رہی ہے اور جس جھوٹ کو ہم پر مسلط کیا ہے وہ ہم پر ظاہر ہے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آج اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ پاکستان کو السیسی کا مصر بنادیا جائے گا، یا کوئی اور ملک جہاں کہتے ہیں جمہوریت نہیں اور معاشی ترقی ہوئی ہے تو پاکستان میں بھی جمہوریت کو دفن کریں گے اور معاشی ترقی حاصل کریں گے تو یہ خام خیالی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈکٹیٹر معاشی ترقی کی ضمانت نہیں ہوا کرتا، کتنے عیدی امین ہم نے دیکھے جو اپنے ملکوں کو تباہ کرکے چلے گئے، ان کی اقوام آج ان کا نام لینے سے شرمندہ ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ منصوبہ سازوں کو کہتے ہیں کہ ہوش کے ناخن لو، اب بھی وقت ہے، قوم کو ساتھ لے کر چلو، سچ کو اپناو اور حقیقت کو سمجھو اور تسلیم کرو۔ ان کا کہنا تھا کہ کل اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے 2 خطوط آئے ہیں، جو ایک داستان بیان کرتے ہیں کہ اس ملک میں عدلیہ کی حالت کیا ہے، کس طرح اعلی عدلیہ کو مفلوج کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد جو عدلیہ پر حملہ ہوا ہے، اس نے اس ملک سے عدل وانصاف کا تصور ختم کردیا ہے، ایک آزاد عدلیہ کا تصور ختم کردیا ہے۔
