اسلام آباد: دفتر خارجہ کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف 30 اگست سے 4 ستمبر تک چین کا دورہ کریں گے، جہاں وہ تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیرِاعظم کی چینی صدر شی جن پنگ اور وزیرِاعظم لی چیانگ سے ملاقاتیں بھی طے ہیں، جن میں پاک-چین تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوگا۔ اس موقع پر سی پیک فیز-ٹو کی پیشرفت پر بھی گفتگو کی جائے گی۔
وزیراعظم بیجنگ میں دوسری جنگِ عظیم میں فاشزم کی شکست کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ فوجی پریڈ میں شریک ہوں گے۔ وہ چینی تاجروں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقاتوں کے علاوہ پاک-چین ’بی ٹو بی‘ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے، جس میں تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری تعاون پر بات چیت ہوگی۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی ایک اہم کڑی ہے۔