اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے دونوں ایوانوں میں ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے عوام کو سیلابی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار، حکومت سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
جمعہ کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی جس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ادارہ جاتی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں 11سے 12نومبر کو منعقد ہونیوالی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سپیکر قومی اسمبلی کو کانفرنس کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 45 سے زائد ممالک کے نمائندے اس کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں خطے میں امن، ترقی، موسمیاتی چیلنجز اور دیگر عالمی مسائل زیر بحث آئیں گے۔
سپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ یہ کانفرنس پاکستان کیلئے ایک اہم موقع ہے ،قومی اسمبلی اس کے انعقاد میں بھرپور تعاون کرے گی۔دونوں رہنمائوں نے ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا، اس دوران بھارت کی جانب سے دریائوں میں چھوڑے گئے پانی اور اس کے نتیجے میں سیلابی تباہ کاریوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنمائوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں۔ دونوں رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انسانی جانوں اور مال مویشیوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
ملاقات میں چیئرمین سینیٹ کے بھائی سید تنویر الحسن گیلانی کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
