واشنگٹن: امریکا نے یوکرین کو تقریبا ایک ارب ڈالر مالیت کے ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دیدی۔امریکی محکمہ خارجہ نے کانگریس کو آگاہ کیا ہے کہ وہ یوکرین کو 82.5 کروڑ ڈالر مالیت کے طویل فاصلے کے میزائل اور نیویگیشن سسٹمز فراہم کرے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس میں طویل فاصلے کے میزائل اور دیگر متعلقہ سازوسامان شامل ہے تاکہ یوکرین کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کیا جا سکے۔ اس معاہدے میںERAM نوعیت کے 3350 میزائل اور 3350 جی پی ایس (GPS) یونٹس شامل ہوں گے۔
ان کے کے علاوہ دیگر پرزے، لوازمات، تربیت اور فنی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یوکرین ان ہتھیاروں کی ادائیگی کے لیے نیٹو اتحادی ممالک ڈنمارک، ہالینڈ اور ناروے کے فنڈز کے ساتھ ساتھ امریکہ کی جانب سے فراہم کیے جانے والے فوجی امدادی فنڈز استعمال کرے گا۔
محکمہ خارجہ نے کہا یہ مجوزہ معاہدہ امریکہ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے اہداف کی حمایت کرے گا، کیونکہ اس سے سیاسی استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے ایک شراکت دار ملک کی سیکیورٹی بہتر ہو گی۔
