ویانا: عالمی جوہری توانائی ایجنسی(آئی اے ای اے) نے خبردار کیا ہے کہ زاپروژیا جوہری بجلی گھر کے قریب ڈرون حملے کے بعد جوہری تحفظ کی صورتحال "خراب” ہورہی ہے۔
ادارے نے ایک بیان میں کہا کہ زاپروژیا جوہری بجلی گھر میں موجود آئی اے ای اے ماہرین نے ڈرون حملے کی اطلاع ملنے کے بعد فوری طور پر متاثرہ مقام کا دورہ کیا جو ٹھنڈے پانی کےضروری تالابوں کے قریب اور زاپروژیا جوہری بجلی گھرکی نیپرووسکا پاور لائن سے تقریبا 100 میٹر دور تھا۔
بیان کے مطابق اگرچہ نہ تو جانی نقصان ہوا اور نہ ہی پلانٹ کی کسی بھی تنصیب کو نقصان پہنچا ہے البتہ زاپروژیا جوہری بجلی گھرکے دو مرکزی دروازوں کے درمیان سڑک متاثر ہوئی ہے۔
آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے کہا کہ زاپروژیا جوہری بجلی گھر کو درپیش جوہری تحفظ اور سلامتی کے خطرات میں اضافہ ہورہا ہے۔
آئی اے ای اے کا کہنا ہے کہ سائٹ پر موجود اس کے ماہرین نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران علاقے میں "شدید” فوجی سرگرمی سے آگاہ کیا ہےجس میں بجلی گھر کا قریبی حصہ بھی شامل ہے اور وہاں فوجی سرگرمیوں میں کمی کے کوئی آثار نہیں ہیں۔
اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے کا کہنا ہے کہ ٹیم نے پلانٹ سے مختلف فاصلے پر بار بار دھماکوں، بھاری مشین گن ، رائفل اور توپ خانے سے فائر کی آوازیں سنی ہیں۔
گزشتہ ہفتے زاپروژیا جوہری بجلی گھرکے کولنگ ٹاور میں آگ لگ گئی تھی اور روس اور یوکرین نے اس واقعے کا الزام ایک دوسرے پر عائد کیا تھا۔ آئی اے ای اے کے مطابق اس واقعے سے اگرچہ جوہری تحفظ کو فوری طور پر کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوا تاہم آگ سے کافی نقصان ہوا تھا۔
