جمعہ, اگست 29, 2025
تازہ ترینچین کی 2024 میں ایس سی او ممالک کے ساتھ تجارت 512.4...

چین کی 2024 میں ایس سی او ممالک کے ساتھ تجارت 512.4 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی

چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کے شہر لیان یون گانگ میں شنگھائی تعاون تنظیم بین الاقوامی نقل وحمل پارک(لیان یون گانگ) سے ایک بین الاقوامی مال بردار ٹرین روانگی کے لئے تیار کھڑی ہے-(شِنہوا)

بیجنگ(شِنہوا)چین کی 2024 میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے دیگر رکن ممالک کے ساتھ تجارت تقریباً 512.4 ارب امریکی ڈالر رہی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 2.7 فیصد زیادہ ہے۔

چین کے نائب وزیر تجارت لِنگ جی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ سال چین نے ایس سی او کے دیگر رکن ممالک سے تقریباً 90 ارب امریکی ڈالر مالیت کا خام تیل، قدرتی گیس اور کوئلہ درآمد کیا، ساتھ ہی 13.66 ارب ڈالر مالیت کی زرعی مصنوعات بھی خریدیں۔

لِنگ جی کے مطابق 2024 میں چین کی کل درآمدات کا تقریباً پانچواں حصہ ایس سی او کے دیگر رکن ممالک سے توانائی کی درآمدات پر مشتمل تھا۔

وزارت تجارت کے ایک اور عہدیدار ژانگ لی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چین اور دیگر ایس سی او رکن ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون میں مسلسل ترقی ہوئی ہے۔

ژانگ لی نے مزید بتایا کہ حالیہ برسوں میں چینی کمپنیوں نے دیگر رکن ممالک میں 3ہزار سے زیادہ کمپنیاں قائم کی ہیں جن سے ہر سال اوسطاً دو لاکھ سے زائد ملازمتیں پیدا ہو رہی ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 2025 چین کے شمالی بندرگاہی شہر تیانجن میں 31 اگست سے یکم ستمبر تک منعقد ہوگا۔ اس تقریب میں 20 سے زائد ممالک کے رہنما اور 10 بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان شرکت کریں گے تاکہ آئندہ دہائی کے لئے تنظیم کی ترقی کا خاکہ تیار کیا جا سکے۔

ایس سی او کو بنیادی طور پر سکیورٹی کے مسائل حل کرنے کے لئے قائم کیا گیا تھا لیکن 24 سال کی ترقی کے دوران یہ تنظیم ایک ہمہ گیر علاقائی اتحاد بن چکی ہے، جو دنیا کی تقریباً نصف آبادی کی نمائندگی کرتی ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!