غزہ: اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر شدید فضائی حملوں میںمتعدد افرادشہید اور زخمی ہو گئے، ان میںخواتین اور بچے بھی شامل ہیں ،منگل کی صبح ہونیوالے ان حملوںکی سب سے زیادہ شدت غزہ شہر اور دیر البلح میں محسوس کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے غزہ شہر کی الجلا اسٹریٹ پر ایک رہائشی فلیٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور اس کی شیر خوار بچی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ اسی دوران مغربی غزہ کے علاقے الشاطی میں بھی ایک گھر پر بم باری کی گئی۔
اس کے ساتھ ہی فضائیہ کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی جس کے باعث مزید شہادتوں اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ مشرقی غزہ میں الصبرہ محلے کی ایک رہائشی عمارت پر فضائی اور زمینی گولہ باری کی گئی جس میں کم از کم سات فلسطینی جاں بحق ہوگئے، جبکہ کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
شمالی غزہ میں اسرائیلی افواج نے جبالیا میں عمارتوں کو دھماکوں سے اڑانے کا سلسلہ جاری رکھا، اور اس کے ساتھ ہی وسطی و جنوبی غزہ میں بھی فضائی اور توپ خانے کے حملے جاری رہے۔ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بم باری کے نتیجے میں غزہ میں شہدا کی تعداد 100 تک پہنچ گئی ہے۔
اسرائیلی طیاروں نے جبالیا اور التفاح میں متعدد فضائی حملے کیے، اور کچھ مقامات پر بارودی روبوٹ بھی دھماکے سے اڑائے گئے۔
