وینس: مقبول نیٹ فلکس سیریز ایمیلی اِن پیرس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈیاگو بوریلا شوٹنگ کے دوران اچانک انتقال کر گئے۔47 سالہ ڈیاگو بوریلا ہوٹل ڈینیلی میں شوٹنگ کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک گر پڑے، طبی عملے نے فوری طور پر ان کا علاج کرنے کی کوشش کی لیکن وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
اطالوی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اٹلی کے شہر وینس میں پیش آیا جہاں شو کے پانچویں سیزن کی ریکارڈنگ جاری تھی۔
نیٹ فلکس کے لیے سیریز تیار کرنے والے پیرامانٹ ٹیلی ویژن اسٹوڈیوزنے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتہائی دکھ کے ساتھ اپنی پروڈکشن فیملی کے ایک رکن کی اچانک موت کی خبر کی تصدیق کرتے ہیں، ہمارے دل اس مشکل گھڑی میں مرحوم کے اہل خانہ اور عزیزوں کے ساتھ ہیں۔
