چین کے جنوب مغربی شی زانگ خودمختار علاقے کے شہر لہاسا میں چینی صدر شی جن پھنگ سی پی سی شی زانگ علاقائی کمیٹی اور علاقائی حکومت کی کارکردگی رپورٹ سننے کے بعد اہم خطاب کررہے ہیں-(شِنہوا)
لہاسا(شِنہوا)چینی صدر شی جن پھنگ نے شی زانگ خود مختار خطے پر زور دیا ہے کہ وہ ایک جدید اور سوشلسٹ نیا شی زانگ تعمیر کرے جو متحد، خوشحال، مہذب، ہم آہنگ اور خوبصورت ہو۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین اور صدر شی جن پھنگ نے یہ بات سی پی سی شی زانگ علاقائی کمیٹی اور علاقائی حکومت کی کارکردگی رپورٹس سننے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شی زانگ میں اعلیٰ معیار کی ترقی کو مستحکم طور پر آگے بڑھایا جائے اور 4 اہم امور پر مسلسل محنت کی جائے جن میں استحکام کو یقینی بنانا، ترقی کو فروغ دینا، ماحولیاتی تحفظ اور سرحدوں کو مضبوط بنانا شامل ہیں۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ شی زانگ کو خودمختار علاقہ بنے 60 سال ہو چکے ہیں اور اس دوران وہاں کی معیشت اور سماجی ترقی میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کے نتیجے میں اس پہاڑی خطے میں گہری اور مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شی زانگ کا نظم ونسق، اس کا استحکام یقینی بنانا اور خوشحالی کو فروغ دینا ان سب کا آغاز سیاسی اور سماجی استحکام، نسلی اتحاد اور مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کو برقرار رکھنے سے ہوتا ہے۔ چینی صدر نے چینی قوم کے لئے ایک مشترکہ برادری کی تعمیر کو مزید فروغ دینے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ شی زانگ کو مقامی حالات کے مطابق مسابقتی پہاڑی صنعتوں کو ترقی دینا چاہیے، خاص طور پر زراعت اور مویشی پالنے کے مقامی شعبوں کے ساتھ ساتھ صاف توانائی کے شعبے پر بھی توجہ مرکوز کی جائے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ شی زانگ کو دریائے یارلنگ ژانگ بو کے نچلے حصے میں پن بجلی کے منصوبے اور سیچھوان- شی زانگ ریلوے جیسے بڑے منصوبوں کو موثر، منظم اور بھرپور انداز میں آگے بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے، کاربن کے اخراج میں کمی، آلودگی میں کمی، ماحول دوست ترقی کے فروغ اور معاشی ترقی کی مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا تاکہ "دنیا کی چھت” اور "ایشیا کے آبی ذخیرے” کی حفاظت کی جا سکے۔
اس کے علاوہ انہوں نے شی زانگ سے متعلق کاموں میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی قیادت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
اجلاس میں اعلیٰ رہنماؤں بشمول وانگ ہوننگ اور کائی چھی نے بھی شرکت کی۔
