کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں 40 گھنٹوں بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک اے اور گلستانِ جوہر بلاک 9میں تقریبا 36گھنٹے سے بجلی غائب ہے، جبکہ صفورا گوٹھ سکیم 33کی سوسائٹیز بشمول سٹی ولاز میں بھی 40گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ کی جاسکی۔
شہر کے دیگر متاثرہ علاقوں میں سعود آباد، غازی گوٹھ، خدا کی بستی، ابراہیم حیدری، شانتی نگر اور اسٹیڈیم روڈ شامل ہیں، جہاں 30گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں 26 گھنٹوں سے بجلی بند ہے، جس کے باعث علاقے میں پانی کا بھی شدید بحران پیدا ہو گیا ہے۔
مکینوں کے مطابق پانی نہ ہونے کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو چکے ہیں۔علاوہ ازیں نانک واڑہ، یوسف گوٹھ، رامسوامی، کیماڑی اور اعظم بستی میں بھی گزشتہ 24گھنٹوں سے بجلی بند ہے، اور عوام شدید اذیت کا شکار ہیں۔
علاقہ مکینوں نے متعلقہ اداروں سے فوری بجلی بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش ہوتے ہی بجلی غائب ہو جاتی ہے، دوسری رات بھی بغیر بجلی کے گزارناپڑی ہے۔
