چین کے دارالحکومت بیجنگ میں مرکزی فوجی کمیشن کے جوائنٹ سٹاف ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسر میجر جنرل وو زے کے ریاستی کونسل کے اطلاعاتی دفتر کے زیر اہتمام یوم فتح کی فوجی پریڈ کی تیاریوں سے متعلق پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)ایک فوجی عہدیدار نے کہا ہے کہ 3 ستمبر کو تیان آن من سکوائر میں منعقد ہونے والی چین کی یوم فتح پریڈ اس بات کا اشارہ ہے کہ چین امن کو برقرار اور بین الاقوامی انصاف و مساوات کا مضبوط دفاع کرےگا۔
فوجی پریڈ کی قیادت کرنے والے گروپ کے دفتر کے نائب سربراہ اور مرکزی فوجی کمیشن کے جوائنٹ سٹاف ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسر وو زے کے نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران پریڈ کی تیاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ پریڈ جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمت اور فسطائیت کے خلاف عالمی جنگ میں فتح کی 80ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کی جا رہی ہے۔
وو نے کہا کہ یہ پریڈ ظاہر کرے گی کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ(سی پی سی) کی قیادت میں ملک اور اس کی افواج مضبوط ہو چکی ہیں اور مزاحمتی جنگ کا عظیم جذبہ آج بھی زندہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پریڈ دنیا کو دکھائے گی کہ 80 سال پہلے حاصل ہونے والی فتح درحقیقت بدی پر انصاف، تاریکی پر روشنی اور رجعت پسندی پر ترقی کی فتح تھی۔
وو نے کہا کہ چین وہ پہلا ملک تھا جس نے فسطائیت کے خلاف مزاحمت شروع کی اور سب سے طویل مزاحمت کی۔ انہوں نے مزید کہاکہ چینی عوام کی عظیم قربانیوں نے فسطائیت کے خلاف عالمی جنگ کے مشرقی محاذ کو قائم رکھا۔
انہوں نے بتایا کہ چین نے جاپانی افواج کے بڑے حصے کو الجھائے رکھا اور ان کے خلاف جنگ لڑی جس میں 15 لاکھ سے زائد دشمن فوجیوں کو ختم کیا گیا اور اس طرح چین نے فسطائیت مخالف عالمی جنگ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین امن پسند ممالک اور دنیا بھر کے لوگوں کے ساتھ مل کر دوسری جنگ عظیم کی تاریخ کے درست موقف کو فروغ دینے، بعد از جنگ بین الاقوامی نظام کے تحفظ، بین الاقوامی انصاف و مساوات کے مضبوط دفاع، ہر قسم کی بالادستی اور طاقت کی سیاست کی مخالفت اور بنی نوع انسان کے لئے مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تعمیر کو مشترکہ فروغ دینے کے لئے کام کرے گا۔
