کراچی: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے محنت کو شعار بنانے پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ عملی زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا، اونچ نیچ آتی رہتی ہے، ٹیلنٹ کو کوئی فرق نہیں پڑتا، سٹیٹ بینک کا ایکسچینج ریٹ اور شرح سود پر کام جاری ہے، صورتحال مزید بہتر ہوگی،حکومت کا کام بہتر ماحول کی فراہمی ہے۔
پیر کو پاکستان ہندو کونسل کے تحت ایکسپو سینٹر کراچی میں ملازمت و تعلیمی ایکسپو کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ منتظمین کا شکرگزار ہوں، یہاں ملک کی مستقبل کی لیڈر شپ سے ملاقات کا موقع ملا ہے، جاب فیئر پر سرکاری و نجی ادارے موجود ہیں، لیکن یہاں کارپوریٹ سیکٹر کی کمی محسوس ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی مستقبل کا راستہ ہے، نوجوان اپنے دل و دماغ سے کام کریںاور بہترین کی جستجو رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عملی زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا، نوجوان محنت کو اپنا شعار بنائیں،اپنی صلاحتیں بہتر انداز میں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ جاب فیئر کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے، اس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام ماحول فراہم کرنا ہے، مائیکرو استحکام سے گنجائش پیدا ہو رہی ہے، آئندہ چند سالوں میں حالات مزید بہتر ہوں گے، 3ایجنسیوں نے پہلی بار مل کر پاکستان پر اعتماد کیا۔انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کو بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا،شرح سود کو سنگل پوائنٹ ایجنڈا نہ بنائیں، نمو کا کوئی بٹن نہیں ہے، سوچ یہ ہے کہ نمو پائیدار ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم اے آئی ورلڈ کی جانب بڑھ رہے ہیں، اس میں کسی کوشک وشبہ کی گنجائش نہیں کہ ہمیں آگے کی طرف بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام آچکا ہے، اونچ نیچ آتی رہتی ہے مگر ٹیلنٹ کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے بتایا کہ سٹیٹ بینک ایکسچینج ریٹ اورانٹرسٹ ریٹ کے حوالے سے کام کررہا ہے۔ جیسے جیسے استحکام آئے گا صورت حال مزید بہتر ہوگی۔
