اسلام آباد: سعودی قیادت نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کن صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیاہے۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھیجے گئے مکتوب میں سعودی قیادت نے پاکستان کے عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
سعودی قیادت نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاء کی اور سیلاب متاثرین کیلئے بھرپور امداد کی پیشکش کی۔
مکتوب میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور مشکل وقت میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا ہے اور اس بار بھی دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا بھرپور اظہار کیا گیا ہے۔
سعودی قیادت نے پاکستانی عوام کی حفاظت اور استحکام کیلئے دعاء کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاکستان ان قدرتی آفات سے جلد کامیابی کے ساتھ نکل آئے گا۔
