لاہور: چیف سلیکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ فخر زمان پر کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، ون ڈے میں فخر زمان سب سے تسلسل سے رنز بنانے والے بلے باز ہیں، صاحبزادہ فرحان نے بھی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے ،میرا خیال ہے کہ یہ کھلاڑی ہمارے بہترین آپشنز ہیں اور ہم ان کا ساتھ دیں گے، دستیاب کھلاڑیوں کو حصہ بنانے کی کوشش کی ہے۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلیکٹر عاقب جاوید نے کہاکہ رنز بنانے کی اوسط اور اسٹرائیک ریٹ ہی ایک بلے باز کو اچھا بناسکتی ہے، ان دونوں چیزوں کو دیکھیں تو صاحبزادہ سے زیادہ بہتر آپشن کیا ہوسکتا ہے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ صائم ایوب ایوب ایک سال سے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں،بابر اعظم اور محمد رضوان کو مستقل ٹی 20 ٹیم سے باہر کرنے کے سوال پر سلیکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کے لیے کوئی انسان فل اسٹاپ نہیں لگاسکتا، مواقع موجود ہیں، ان کے بگ بیش میں معاہدے ہورہے ہیں، پی ایس ایل موجود ہے، جو کھلاڑی کارکردگی دکھائے گا وہی کھیلے گا اور اسی کو کھیلنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ وہ اس 17 رکنی اسکواڈ سے بہت مطمئن اور پرامید ہیں، اس میں ٹیلنٹ بھی ہے اور مواقع بھی ہیں، 14 ستمبر کو بھارت کو دھول چٹانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ اس اسکواڈ میں اتنی صلاحیت ہے کہ یہ کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتا ہے، میں پرامید ہوں۔
