بیجنگ: چین میں نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں (این ای وی) کے شعبے نے ماحول دوست اور زیادہ ذہین مستقبل کی جانب اپنی تیز رفتار ترقی میں پہلی بار ایندھن سے چلنے والی کاروں کے مارکیٹ شیئر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
چائنہ آٹوموبائل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق، جولائی میں ملک بھر میں 8لاکھ 78ہزاراین ای ویز فروخت ہوئیں جوفروخت ہونے والی مجموعی گاڑیوں کا51.1 فیصد ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ نہ صرف ملک کی آٹو موٹیو انڈسٹری کی تبدیلی کے بلکہ عالمی سطح پر گرین ٹرانسپورٹیشن کی جانب منتقلی کے لیے بھی ایک تاریخی لمحہ ہے۔
رونالڈبرجر میں آٹو موٹیو پریکٹس ایشیا کے سربراہ اورسینئر پارٹنرژینگ یون نے کہا کہ یہ این ای وی مارکیٹ میں ایک ‘معیاری تبدیلی’ کی شروعات ہے۔
چین میں این ای وی کا مارکیٹ شیئر 2015 میں صرف 1 فیصد سے اوپر تھا لیکن معیشت کی تیز رفتار ماحول دوست منتقلی کی بدولت بعد کے سالوں میں اس میں اضافہ ہوا۔ 50 فیصد سے زیادہ مارکیٹ رسائی کی شرح 2035 تک الیکٹرک گاڑیوں کو نئی آٹوموبائل فروخت کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے حکومتی ہدف کے حصول کی طرف ایک ٹھوس قدم ہے۔
