جمعرات, اگست 14, 2025
تازہ ترین’’دنیا کی سپر مارکیٹ‘‘ میں بڑھتے ہوئے برآمدی آرڈرز کے پیش نظر...

’’دنیا کی سپر مارکیٹ‘‘ میں بڑھتے ہوئے برآمدی آرڈرز کے پیش نظر پہلے ہی کرسمس کا سماں

چین کے مشرقی صوبے ژےجیانگ کے شہر یی وو کی یی وو انٹرنیشنل ٹریڈ مارکیٹ میں غیر ملکی خریدار ایک تاجر سے معلومات حاصل کر رہے ہیں۔(شِنہوا)

ہانگ ژو(شِنہوا)کرسمس میں ابھی 4 ماہ سے زائد کا وقت باقی ہے مگر ’’دنیا کی سپر مارکیٹ‘‘ کے طور پر مشہور شہر یی وو  میں پہلے ہی تہوار کا سماں بندھ چکا ہے۔

کسٹمز کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے جولائی 2025 کے دوران ژےجیانگ صوبے، جہاں یی وو شہر واقع ہے، سے 9.11 ارب یوآن (تقریباً 1.3 ارب امریکی ڈالر) مالیت کی کرسمس مصنوعات برآمد کی گئیں۔ یہ گزشتہ سال کی نسبت 23 فیصد اضافہ ہے۔ صرف جون اور جولائی میں ہی کرسمس سے متعلق اشیاء کی برآمدات 6.64 ارب یوآن تک پہنچ گئیں۔

یی وو ڈو شی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی لمیٹڈ کے سیلز منیجر چھن شیاؤ تاؤ نے کہا کہ اب ہمارا سب سے مصروف سیزن چل رہا ہے، بہت سے گاہک اپنے آرڈرز پہلے چاہتے ہیں۔ کمپنی کے گودام کے اندر مصنوعی پائن کی سوئیوں کے گٹھے دھاتی فریموں پر باندھ کر کرسمس کے درخت بنائے جا رہے ہیں جو رنگین زیورات کے ڈھیروں کے درمیان کھڑے ہیں۔ چھن نے مزید کہا کہ جیسے ہی ہم ان پر لیبل لگائیں گے، یہ اشیاء اپنی منزل کی طرف روانہ ہو جائیں گی۔

دنیا کے سب سے بڑے کرسمس مصنوعات کے تجارتی مرکز ہونے کی حیثیت سے یی وو ہر سال 20 ہزار سے زائد اقسام کی تعطیلاتی مصنوعات 100 سے زائد ممالک اور خطوں کو بھیجتا ہے۔

روایتی اشیاء جیسے سانتا ہیٹ، آرائشی اشیاء اور کرسمس ٹری کے علاوہ ڈوشی کمپنی کھلونے، سائیکلیں اور دیگر تحفے بھی سٹاک کر رہی ہے تاکہ بین الاقوامی خریداروں کو ون سٹاپ تعطیلاتی شاپنگ کی سہولت دی جا سکے۔

چھن نے کہا کہ عالمی تجارتی چیلنجز کے دوران غیر ملکی خریدار معمول سے پہلے اشیاء ذخیرہ کر رہے ہیں۔ پہلے آرڈرز کی لہر جون سے اگست کے درمیان آتی تھی لیکن اس سال یہ اپریل میں ہی شروع ہوگئی تھی۔

یی وو کسٹمز کے حکام نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ مئی میں برآمدات میں گزشتہ سال کی نسبت 90 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا۔

یی وو کسٹمز کے سونگ جیان شینگ نے بتایا کہ کرسمس کی مصنوعات اپریل میں ہی کنٹینرز میں لوڈ ہونا شروع ہوگئی تھیں اور حالیہ مہینوں میں ان کی برآمدات کا تناسب مسلسل بڑھتا جا رہا ہےجو مجموعی برآمدات کی نمو کو تحریک دے رہا ہے ۔

سونگ نے یہ بھی بتایا کہ یی وو پورٹ سے جو شہر میں چھوٹے سامان کی ترسیل کا مرکزی راستہ ہے، روزانہ ایک ہزار 200 سے زائد کنٹینرز سیل اور کلیئر کئے جا رہے ہیں۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!