قاہرہ: مصر کے وزیر خارجہ بدر عبد العاطی نے کہا ہے کہ مصر نے غزہ میں امن قائم کرنے کے لیے 5 ہزار فلسطینی پولیس اہلکاروں کی تربیت کا آغاز کر دیا، پولیس اہلکاروں کی تعیناتی اور غزہ کی تعمیر نو کا کام فلسطینی وزیراعظم کی نگرانی میں ہوگا، وہ قاہرہ میں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے، بشرطیکہ جنگ بندی پر اتفاق ہو جائے۔
مقامی ٹی وے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا فلسطینی اتھارٹی غزہ کے انتظام کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کرے گی تاکہ فلسطینی ریاست کے دونوں حصوں میں یکجہتی قائم رہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کے دوران متعدد ورکشاپس ہوں گی جن میں پولیس انتظامات، ترقی اور تعمیر نو شامل ہیں، فلسطینی اتھارٹی تمام امور سنبھالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
عبد العاطی نے کہاکہ تربیت یافتہ اہلکاروں کی فہرستیں تیار ہیں اور انہیں مصر کے کیمپوں میں تربیت دی جا رہی ہے، اس میں اردن بھی تعاون کر رہا ہے تاکہ یہ اہلکار غزہ میں تعینات کیے جا سکیں، کیونکہ اس وقت وہاں ایک حفاظتی خلا موجود ہے۔
عبد العاطی نے کہا کہ مصر فلسطینی قیادت، خاص طور پر حماس، اور اسرائیل کے ساتھ رابطے میں ہے اور قطر و امریکہ کے تعاون سے امن کی کوششیں کر رہا ہے تاکہ جنگ بندی ممکن ہو اور فلسطینی عوام تک انسانی امداد پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ مصر ی حکومت ہر سطح پر کوشش کر رہی ہے تاکہ اسرائیل کی غزہ پر جارحیت کو روکا جا سکے۔
عبد العاطی نے کہا کہ اسرائیلی سکیورٹی صرف اس وقت ممکن ہے جب فلسطینی عوام کے جائز حقوق تسلیم کیے جائیں، جن میں ایک آزاد اور خودمختار ریاست کا قیام سرِ فہرست ہے۔ طاقت کے استعمال سے امن نہیں آئے گا بلکہ خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوگی ۔
