چین کے جنوب مغربی صوبے سیچھوان کے شہر چھنگ دو میں ورلڈ گیمز 2025 کی افتتاحی تقریب میں آتشبازی کی جارہی ہے-(شِنہوا)
چھنگ دو(شِنہوا)صفائی کے روبوٹس تالابوں کا گشت کرتے ہیں، اے آر چشمے زبان کی رکاوٹیں دور کرتے ہیں اور پانی کے چھڑکاؤ والے نظام موسم گرما کی گرمی سے بچاتے ہیں، چھنگ دو ورلڈ گیمز میں جدید ترین ٹیکنالوجی انتظامات اور کھلاڑیوں کی زندگی کو بدل رہی ہے۔
جیان یانگ کے ڈونگ لائی امپریشن سپورٹس سنٹر میں عملے کے 2 غیر معمولی رکن یعنی تالاب صاف کرنے والے روبوٹس روزانہ کی دیکھ بھال سنبھالتے ہیں۔ چیسنگ کمپنی کی مارکیٹنگ ڈائریکٹر یانگ شیاؤ یانگ نے بتایا کہ مجموعی طور پر 6 روبوٹ نصب کئے گئے ہیں تاکہ پانی کے معیار کو پیشہ ورانہ مقابلے کے معیار کے مطابق برقرار رکھا جا سکے۔
عملے کے ایک کارکن کا کہنا تھا کہ مقابلہ جاتی پول کی دیکھ بھال معمولی صفائی سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہوتی ہے۔ ہمارے نظام میں روبوٹس کی موجودگی سے ہم ایپ کے ذریعے مقابلے میں بغیر کوئی رکاوٹ ڈالے مسئلہ والے مقامات کی تیزی سے نشاندہی کرسکتے ہیں۔
ٹیکنالوجی کی یہ جدت صرف تالاب تک محدود نہیں بلکہ شنگ لونگ جھیل کے کنارے واقع ساحلی ہینڈ بال کے میدان تک پھیلی ہے جہاں شائقین کے سٹینڈز کے ساتھ قطاروں میں چھڑکنے والے آلات گرمی سے بچاؤ کے لئے پانی کے باریک پھوار پھینکتے ہیں۔
ورلڈ گیمز ویلیج میں ٹیکنالوجی کھلاڑیوں کی روزمرہ زندگی کو بھی بدل رہی ہے۔ مقامی ٹیک کمپنی کے جدید ترجمہ کرنے والے چشمے حقیقی وقت میں 40 زبانوں کے سب ٹائٹلز فراہم کرتے ہیں۔ قریب ہی ایک موسمیاتی مزاحمت کا حامل روبوٹ کتا ‘گوگو’ شدید دھوپ میں 50 کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہر موسم میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
