مصر کے صوبہ مینوفیہ میں مرغی پالنے کے تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب کے بعد خواتین تربیتی کلاس میں شریک ہیں-(شِنہوا)
قاہرہ(شِنہوا)مصر میں چینی سفارت خانے نے مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر صوبہ مینوفیہ میں مرغی پالنے کے ایک تربیتی پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد دیہی خواتین کو عملی مہارتیں سکھانا اور گھریلو آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔
یہ پروگرام مصری نیشنل الائنس فار سول ڈیویلپمنٹ ورک اور چینی زرعی کمپنی نیو ہوپ لیوحہ کمپنی لمیٹڈ کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ہے جس کا مقصد مرغی پالنے کے دوران موثر انتظام کے لئے چینی زرعی مہارت کا اشتراک کرنا ہے۔
نیو ہوپ مصر کی تکنیکی منیجر اور معالج حیوانات آیا عبدین نے کہا کہ یہ تربیت مرغی پالنے خاص طور پر ’ساسو‘ نسل کی مرغیوں کے لئے اہم مراحل پر مشتمل ہے۔ اس میں ایک دن کے چوزے سے لے کر مارکیٹ میں فروخت تک کے تمام مراحل سکھائے جاتے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں مصر میں چینی سفیر لیاؤ لی چھیانگ نے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام غربت کے خاتمے میں مصر کی کوششوں اور دیہی خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ایک جدید عملی قدم ہے جو چین اور مصر کے عوام کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ کو بھی فروغ دے گا۔
اس منصوبے سے فائدہ اٹھانے والی 47 سالہ بیوہ صباح محمد عبدالسلام نے کہا کہ یہ منصوبہ میرے لئے ایک بہترین موقع ہے کہ میں گھر بیٹھے آمدنی حاصل کرسکوں اور اپنے خاندان کا بھی خیال رکھ سکوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ منصوبہ مجھے مرغیاں پالنے، ان کی تعداد بڑھانے اور گھر سے باہر جائے بغیر اپنے بچوں کی مدد کرنے میں مدد دے گا۔
