چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی ژو کی لودیان کاؤنٹی کے تفریحی مقام داشیاؤ جِنگ میں بچے پانی میں کھیل رہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت ثقافت و سیاحت نے اعلان کیا ہے کہ جولائی میں کئے گئے خفیہ معائنے کے دوران سیاحتی مقامات اور متعلقہ خدمات میں متعدد حفاظتی خطرات سامنے آئے ہیں، جس پر مقامی سیاحتی حکام کو فوری اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ معائنے تیانجن، لیاؤننگ اور سنکیانگ سمیت صوبائی سطح کے 8 علاقوں میں کئے گئے جس کےتحت کاروباری مقامات اور رہائش گاہوں میں ہنگامی راستوں کا بند ہونا، بعض سیاحتی مقامات پر جان بچانے والی جیکٹس، ضروری آلات کی کمی اور آگ سے متعلق دیگر خطرات سامنے آئے۔
وزارت نے سڑکوں پر حفاظتی مسائل کے متعلق بھی خبردار کیا جن میں سیاحتی بسوں کے ڈرائیوروں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔
وزارت کے مطابق وہ کاروباری ادارے جو مناسب اصلاحات کرنے میں ناکام رہیں گے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی یا مزید تحقیقات کے لئے شواہد متعلقہ حکام کو بھیجے جائیں گے۔
