چین کے جنوب مغربی صوبے سیچھوان کے شہر چھنگ دو میں ہواوے میٹ بک پرو اور میٹ بک فولڈ الٹی میٹ ڈیزائن لانچ کرنے کی ایک تقریب کے دوران ہواوے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر یو چھنگ ڈونگ ہواوے کے میٹ بک فولڈ الٹی میٹ ڈیزائن کو متعارف کروا رہے ہیں ۔(شِنہوا)
کمپالا(شِنہوا)چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے نے یوگنڈا میں 2025-2026 کے لئے ملک گیر انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) مقابلے کا آغاز کیا جس کا مقصد مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
ہواوے نے ایک بیان میں کہا کہ اس مقابلے کا مقصد نوجوان ٹیلنٹ کو منظم تربیت، صنعتی سطح کے تجربے اور مقابلوں کے ذریعے بہتر کارکردگی کے لئے تیار کرنا ہے تاکہ ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دیا جا سکے۔
’’کنیکشن،گلوری،فیوچر‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والا یہ مقابلہ اعلیٰ تعلیمی اداروں، تربیتی اداروں اور ٹیکنالوجی کے دلدادہ افراد کو جمع کرے گا تاکہ آئی سی ٹی ٹیلنٹ کا مضبوط نظام تیار کیا جا سکے۔
یوگنڈا کی وزیر تعلیم و کھیل جینیٹ موسی وینی نے مقابلے کا افتتاح کرتے ہوئے چین اور ہواوے کی آئی سی ٹی کے شعبے میں یوگنڈا کے ساتھ شراکت داری کو سراہا۔
وزیر نے کہا کہ ہمارے نوجوان نہ صرف یوگنڈا اور بیرون ملک ہواوے کے پروگراموں میں حصہ لے چکے ہیں بلکہ انہوں نے شاندار کارکردگی بھی دکھائی ہے۔
یوگنڈا میں چین کے سفیر ژانگ لی ژونگ نے یوگنڈا میں آئی سی ٹی ٹیلنٹ کے فروغ کے لئے ہواوے کی کوششوں کو سراہا اور ڈگی ٹرک، سیڈز فار فیوچر، آئی سی ٹی اکیڈمی اور آئی سی ٹی مقابلے جیسے کمپنی کے اقدامات کی تعریف کی جو ڈیجیٹل مہارتوں کے خلا کو پر کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
ہواوے مشرقی افریقہ کے کثیرالملکی ریجنل چیف ایگزیکٹو ڈونگ شوئے فینگ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کو اپنانا ڈیجیٹل ترقی کو آگے بڑھانے اور جدت کے ماحول کو فروغ دینے کے لئے نہایت اہم ہے۔
