بیجنگ: چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہاہے ان کا ملک برازیل کے ساتھ ہم نصیب مستقبل کی حامل کمیونٹی کی تعمیرکوفروغ دینے کے لیے دوطرفہ سفارتی تعلقات کی 50 ویں سالگرہ کو ایک نئے نقطہ آغازکے طور پر لینے کے لیے تیار ہے۔
چینی صدر نے ان خیالات کا اظہار دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا ڈا سلوا کے نام مبارکبادکے اپنے پیغام میں کیا۔
صدرشی نے کہا کہ چین اور برازیل، دونوں بڑے ترقی پذیر ملک اورابھرتی ہوئی اہم مارکیٹ ہونے کے ساتھ ساتھ ہم خیال اچھے دوست اور شراکت دار ہیں اور ایک ساتھ آگے بڑھتے رہے ہیں۔
چینی صدر نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے گزشتہ نصف صدی کے دوران، بین الاقوامی سطح پر آنے والی تبدیلیوں سے قطع نظر، دونوں ممالک کے درمیان تیزی سے نمایاں، جامع اور تزویراتی عالمی اثر و رسوخ کے حامل تعلقات میں مستحکم ترقی برقراررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور برازیل نے اپنے عوام کی ترقی اور احیاء کو فروغ دیتے ہوئے عالمی امن، استحکام اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
