چین کے جنوب مغربی چھونگ چھنگ بلدیہ میں ڈرون لائٹ شو کا خوبصورت منظر۔(شنہوا)
چھونگ چھنگ(شِنہوا)چین کے جنوب مغربی شہر چھونگ چھنگ میں 5 ہزارسے زائد ڈرونز نے رات کوفضا میں پرواز کرتے ہوئے ایسے شاندار اور رنگ برنگے نمونے بنائے کہ نیچے کھڑے تماشائی دنگ رہ گئے۔
جوں ہی ڈرونز کے دلکش لائٹ شو نے شہر کے افق کو روشن کیا عوام نے خوشی کے نعرے لگائے اور واہ واہ کی آوازوں سے فضا گونج اٹھی۔
رواں سال اپریل کے وسط سے چھونگ چھنگ ہر ہفتے کی رات کو اپنے شہر کے اس حصے میں ایک زبردست ڈرون لائٹ شو کا اہتمام کر رہا ہے جہاں دریائے یانگسی اور جیالنگ آپس میں ملتے ہیں۔ یہ شاندار تماشا جلد ہی چھونگ چھنگ کی ایک نئی پہچان بن گیا جو شہر کی سیاحت کی صنعت میں نئی روح پھونک رہا ہے۔
رواں سال 17 جون کو چھونگ چھنگ نے 11 ہزار787ڈرونز کے ساتھ ایک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا جسے ایک لاکھ سے زائد مقامی رہائشی اور سیاحوں نے دیکھا۔
چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ سے آئے ایک سیاح ٹونگ چھنگ نے کہا کہ ڈرون شو چھونگ چھنگ کے حسین رات کے منظر کو چار چاند لگا دیتا ہے۔ ان میں موجود نمونے شہر کی منفرد خصوصیات کو اجاگر کرتے ہیں۔ یہ واقعی آنکھوں کے لئے ایک بصری دعوت ہے۔
