صنعا: رواں ماہ یمن کے مختلف جنگ زدہ علاقوں سے ایک ہزار 140 دھماکا خیز ڈیوائسز کی صفائی مکمل کرلی گئی، یہ صفائی سعودی عرب کے زمین سے بارودی سرنگوں کی صفائی کے منصوبے مسام کے تحت کی گئی ہے، اس منصوبے کو شاہ سلمان مرکز برائے انسانی امداد و راحت (کے ایس ریلیف) نے شروع کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اب تک مجموعی طور پر مسام کے آغاز سے ہٹائی جانے والی بارودی سرنگوں اور دیگر آلات کی تعداد 5 لاکھ 9 ہزار 612 ہوگئی ہے، یہ آلات یمن کے علاقے میں بے ترتیب طور پر بکھرے ہوئے تھے اور شہریوں اور کمیونٹیز کے لیے سنگین خطرہ تھے۔
صفائی کے دوران ایک ہزار 90 بارودی سرنگیں، 49 اینٹی ٹینک مائنز، اور ایک اینٹی پرسنل مائن شامل ہے۔اس منصوبے کی کوششوں نے جان و مال کے نقصانات میں نمایاں کمی کی ہے، بے گھر افراد اور کسانوں کو اپنی زمینوں پر واپس آنے، زراعت دوبارہ شروع کرنے اور روزگار کی بحالی میں مدد ملی ہے۔
مسام کا کردار یمن کو محفوظ بنانے میں اہم ہے، جو مقامی زمین صفائی کے ماہرین کو تربیت دیتا ہے، جدید آلات فراہم کرتا ہے، اور دھماکا خیز آلات کے متاثرین کی حمایت کرتا ہے۔ مسام کی ٹیمیں گاوں، سڑکوں، اور اسکولوں کی صفائی کرتی ہیں، تاکہ شہریوں کی حفاظت کے ساتھ نقل و حرکت اور انسانی امداد کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
