اسلام آ باد/کوئٹہ: بلوچستان میں ضلع مستونگ کے سپیزنڈ ریلوے سٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے باعث چاروں صوبوں کو جوڑنے والی جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور جارہی تھی، سپیزنڈ ریلوے سٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پردھماکا آئی ای ڈی ڈیوائس سے دھماکا ہوا ، اس واقعہ میں ٹرین کو نقصان پہنچا ہے مگر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔
وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بتایا ہے کہ ریلوے اور سکیورٹی اداروں کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا، جعفر ایکسپریس کے تمام مسافر محفوظ ہیں، ریلوے انتظامیہ سکیورٹی صورت حال کے پیش نظر مسافروں کو کوئٹہ واپس لائے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد کوئٹہ سے ٹرین آپریشن شروع کیا جائے گا، دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی ہیں۔ سپیزنڈ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ کا ایک دور دراز قصبہ اور یونین کونسل ہے۔
