چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقدہ تیسری چائنہ انٹرنیشنل سپلائی چین ایکسپو(سی آئی ایس سی ای) میں چائنہ نیشنل مشینری انڈسٹری کارپوریشن(سینومیچ) کے سٹال پر ایک شخص ہائبرڈ پاور ٹریکٹر دیکھ رہا ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین نے زیادہ سمارٹ فیکٹریوں کے قیام اور ذہین ٹیکنالوجی کے وسیع پیمانے پر استعمال کو فروغ دینے کے لئے اپنے مشینری شعبے کی ڈیجیٹل منتقلی کو تیز کرنے کا منصوبہ جاری کردیا ہے۔
وزارت صنعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم آئی آئی ٹی) اور وزارت انسانی وسائل و سماجی تحفظ سمیت 8 حکومتی اداروں کی جانب سے شائع کی گئی دستاویز میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے مشینری شعبے کو ترقی دینے کا لائحہ عمل دیا گیا ہے۔
اس سرکاری دستاویز کے مطابق 2027 تک مصنوعات کے ڈیزائن اور پیداوار سے لے کر ادارے کے انتظام و انصرام اور دیکھ بھال تک اہم شعبوں میں سمارٹ ٹیکنالوجیز کا وسیع پیمانے پر انضمام کیا جائے گا۔
مستقبل کی جانب دیکھتے ہوئے بڑی مشینری کمپنیوں کا ہدف ہے کہ وہ 2030 تک ڈیجیٹل تبدیلی کے پہلے مرحلے کو مکمل کرلیں۔ اس وقت تک ایک منظم اور محفوظ مصنوعات و خدمات کی فراہمی کا نظام تشکیل پانے کی توقع ہے جس میں 500 نئی اعلیٰ معیار کی سمارٹ فیکٹریاں شامل ہوں گی۔
ایم آئی آئی ٹی کے ایک عہدیدار نے اقتصادی ترقی میں اس شعبے کے بنیادی کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نئی صنعتوں کی ترقی کو آگے بڑھانےاور وسیع تر معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن حمایت کے لئے مشینری صنعت کی ڈیجیٹل منتقلی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے ہمارے منصوبے میں 12 اہم کاموں کی نشاندہی کی گئی ہے ،جن میں بنیادی صنعتی صلاحیتوں کو آگے بڑھانا، صنعتی سافٹ ویئر کی ترقی کو تیز کرنا، سرکردہ کاروباری اداروں کے ذریعے صلاحیت کے اشتراک کو فروغ دینا اور معیارات قائم کرنے والے نظام کے قیام کو آگے بڑھانا شامل ہے۔
