امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے باہر رونالڈ ریگن واشنگٹن قومی ہوائی اڈے کے سکیورٹی چیک پوائنٹ پر ایک مسافر کی مکمل جسمانی سکیننگ کی جارہی ہے-(شِنہوا)
نیویارک(شِنہوا)امریکی محکمہ خارجہ ایک آزمائشی پروگرام شروع کرنے جا رہا ہے جس کے تحت کاروباری یا سیاحتی ویزا حاصل کرنے والے غیر ملکی شہریوں کو امریکہ میں داخلے کے لئے 15 ہزار امریکی ڈالر تک کی ضمانت جمع کروانے کی شرط عائد کی جاسکتی ہے۔
امریکی فیڈرل رجسٹر کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک پیشگی نوٹس کے مطابق "ویزا بانڈ پائلٹ پروگرام” 12 ماہ کا منصوبہ ہے، جس کے تحت قونصل خانے کے افسران مخصوص کاروباری اور سیاحتی ویزا درخواست دہندگان سے 5ہزار، 10ہزار یا 15ہزار امریکی ڈالر کی ضمانت طلب کرسکتے ہیں۔
نوٹس کی سرکاری اشاعت کے 15 دن بعد یہ پروگرام نافذ العمل ہوگا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ ضمانتیں ان مسافروں سے طلب کی جا سکتی ہیں جو ان ممالک سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں امریکی محکمہ خارجہ ویزے کی مدت سے زیادہ قیام کی بلند شرح یا ناکافی جانچ اور تصدیق کے نظام رکھنے والے ممالک کے طور پر شمار کرتا ہے۔
نوٹس میں متاثرہ ممالک کے نام شامل نہیں کئے گئے تاہم کہا گیا ہے کہ ان ممالک کی فہرست آن لائن شائع کی جائے گی اور اس کے موثر ہونے سے کم از کم 15 دن پہلے دستیاب ہوگی۔
یہ تجویز ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹرمپ انتظامیہ ویزا پالیسیوں کو مزید سخت کر رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے محکمہ خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ ویزا کی تجدید کرانے والے بہت سے درخواست دہندگان کو اب اضافی انٹرویو دینا ہوگا جو پہلے ضروری نہیں تھا۔
