کراچی: اداکار، ہدایتکار و پروڈیوسر نبیل ظفر نے کہا ہے کہ مہنگائی ناقابلِ برداشت ہو چکی، بجلی کے زائد بل کسی کو بھی دل کا دورہ دے سکتے ہیں۔
ایک پرو گرام میں گفتگو کرتے ہوئے نبیل ظفر نے یہ کہا کہ ملک میں مہنگائی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ اب وہ اکثر اپنے چھوٹے بھائی سے کہتے ہیں کہ لگتا ہے ان کے اندر ابا کی روح آ گئی ہے، کیونکہ وہ جب بھی کوئی اضافی لائٹ یا پنکھا کھلا دیکھتے ہیں تو فورا یہی کہتے ہیں کہ اوہ بھائی، اسے بند کرو، بل بہت آئے گا۔
اداکار کے مطابق اب وہ جب بھی گھر میں کوئی فالتو لائٹ کھلی دیکھتے ہیں تو فورا ان کے منہ سے یہی نکلتا ہے کہ جب کوئی یہاں پر نہیں بیٹھا تو یہ پنکھا کیوں کھلا ہے، بل بہت آئے گا بھائی۔ نبیل ظفر نے کہا کہ بجلی کے بل کچھ عرصے سے اس قدر زیادہ آ رہے ہیں کہ انہیں دیکھ کر کسی کو بھی دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے زائد بلوں سے پریشان ہو کر انہوں نے گھر میں سولر لگوا لیا ہے اور جب کبھی کراچی میں بادل ہوتے ہیں تو ان کا بس نہیں چلتا کہ وہ سولر اٹھا کر حیدرآباد لے جائیں۔
اداکار نے بتایا کہ پچھلے دنوں کراچی میں بہت زیادہ بادل تھے، جس پر وہ دل ہی دل میں بادلوں سے مخاطب ہو کر یہی کہہ رہے تھے کہ بھائی یا تو برس پڑو یا پھر کراچی سے چلے جا، تمہاری وجہ سے گھر کا سولر نہیں چل پا رہا۔
