چین کےمشرقی صوبے آنہوئی کے شہر ہیفے میں این آئی او کے دوسرے جدید پیداواری مرکز میں نئی توانائی گاڑی کی بیٹری تبدیل کی جارہی ہے-(شِنہوا)
میونخ،جرمنی(شِنہوا)برقی گاڑیاں بنانے والی چینی کمپنی این آئی او نے یورپ میں اپنے 10 سال مکمل ہونے کی تقریب منائی۔ اس موقع پر کمپنی نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران اپنی ٹیکنالوجی میں ترقی، بنیادی سہولتوں کی تعمیر اور علاقائی شراکت داریوں کو اجاگر کیا، جو یورپ میں نقل و حمل کے شعبے میں اس کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی علامت ہے۔
کمپنی نے یورپ میں صدر دفتر اور عالمی ڈیزائن سنٹر میونخ کے علاقے میں قائم کیا تھا، جو اب یورپ بھر میں بیٹری تبدیل کرنے کے 60 سٹیشنز چلا رہی ہے۔
کمپنی یورپ میں 20 این آئی او ہاؤسز بھی چلارہی ہیں، جو ایسے مراکز ہیں جہاں شو رومز، لاؤنجز اور صارفین کے لئے سہولیات ایک ہی جگہ پر دستیاب ہیں۔ کمپنی دنیا بھر میں مکمل خودکار بیٹری تبدیل کرنے کے تقریباً 35سو مراکز چلا رہی ہے۔
بویریا کے نائب وزیراعلیٰ ہیوبرٹ آئیوانگر نے کمپنی کی نئی سوچ اور علاقے میں طویل عرصے سے کی گئی سرمایہ کاری کی تعریف کی۔ انہوں کہا کہ ہم ایسی کمپنیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں جو اعلیٰ معیار کی چیزیں بناتی ہیں اور مقامی ترقی میں کردار ادا کرتی ہیں۔ بہترین نتائج ہمیشہ منصفانہ مقابلے سے حاصل ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی کو اپنی صنعت کو مضبوط بنانے کے لئے اصلاحات، نئی سوچ اور باہمی تعاون پر توجہ دینی چاہیے۔
میونخ کے محکمہ اقتصادی ترقی کے سربراہ کورٹ کیپ نے این آئی او کو علاقے میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں میں ایک "مثالی رہنما” قرار دیا۔ انہوں نےکہا کہ آغاز سے ہی اس کمپنی نے یہ مثال قائم کی ہے کہ کس طرح چینی اور یورپی کاروباری ثقافتیں کامیابی سے ایک دوسرے میں ضم ہوسکتی ہیں۔
این آئی او یورپ کے نائب صدر ژانگ ہوئی نے یورپ سے وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ این آئی او کا جرمن مرکز ہماری عالمی سطح کی اختراعی کوششوں کے لئے ایک مرکزی مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔
