منگولیا کے دارالحکومت اولان باتور میں منگولیا میں موجود چینی اساتذہ چینی زبان کی تدریس اور چینی زبان کی مہارت کے امتحان (ایچ ایس کے) سے متعلق ایک سیمینار کے دوران اپنے تدریسی تجربات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
اولان باتور(شِنہوا)منگولیا کے دارالحکومت اولان باتور کی ایک پرسکون صبح 19 سالہ منگولیائی یونیورسٹی طالب علم اینخبت چینی زبان کی مہارت جانچنے کے لئے منعقد ہونے والے چینی زبان کے امتحان کے مقام پر وقت سے پہلے پہنچ گیا۔
اینخبت نے کہا کہ میں یونیورسٹی کے دوسرے سال میں ہوں اور اس امتحان کے ذریعے اپنی چینی زبان کی صلاحیت کو جانچنا چاہتا ہوں تاکہ بیرون ملک تعلیم کے لئے تیاری کر سکوں۔ ان کا تعلق خینتی صوبے سے ہے جہاں ان کے والدین چرواہے ہیں اور ایک اتفاقیہ ملاقات نے انہیں چینی زبان سیکھنے کی طرف مائل کیا۔
2023 کی گرمیوں میں اینخبت اپنے والد کے ساتھ اونی مصنوعات فروخت کرنے کے لئے اولان باتور آیا جہاں ان کی ملاقات ایک چینی کاروباری شخص سے ہوئی۔ بدقسمتی سے مترجم کی عدم موجودگی کے باعث نہ اینخبت اور نہ ہی اس کے والد اس کاروباری شخص کی چینی زبان کو سمجھ سکے جس کے نتیجے میں مذاکرات ناکام ہوگئے اور اینخبت کے والد کو افسوس ہوا۔
اس دن اس کے والد نے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر کہا کہ جب تم یونیورسٹی جاؤ تو تمہیں چینی زبان ضرور سیکھنی چاہیے۔
یونیورسٹی میں اینخبت نے چینی زبان کو اپنا مضمون چنا اور وہ گریجویشن کے بعد شنگھائی میں مزید تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اینخبت نے کہا کہ چین ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے اور چین و منگولیا کے درمیان تجارت کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔
اس وقت منگولیا میں اینخبت جیسے نوجوانوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جو چینی زبان سیکھنے کے لئے پُر جوش ہیں۔ نیشنل یونیورسٹی آف منگولیا میں قائم کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے چینی ڈائریکٹر چھنگ شینگ لی کے مطابق منگولیا میں غیر ملکی زبان سیکھنے والوں میں انگریزی کے بعد چینی زبان دوسرے نمبر پر آتی ہے۔
منگولیا میں 18 قومی پرائمری اور سیکنڈری سکولوں کے علاوہ 40 سے زیادہ نجی سکول چینی زبان کے کورسز پیش کر رہے ہیں جبکہ 150 سے زائد سکول آئندہ چینی زبان شامل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
نیشنل یونیورسٹی آف منگولیا اور منگولین سٹیٹ یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹس سمیت دیگر کئی کنفیوشس کلاس رومز اور تدریسی مراکز چین اور منگولیا کے درمیان زبان اور ثقافت کے تبادلے کے اہم پلیٹ فارم بن چکے ہیں۔
اولان باتور کے خیشگ چائنیز لینگویج کمپری ہینسیو سیکنڈری سکول نے چینی زبان کے کورسز متعارف کرائے ہیں۔ وہاں کی استاد جیانے بتایا کہ طلبہ چینی زبان سیکھنے، چینی گانے گانے اور چینی ٹی وی ڈرامے دیکھنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں اور ان کی چینی زبان میں مہارت نمایاں طور پر بہتر ہو رہی ہے۔
