فلوریڈا: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 14رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ جمعہ کو سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک سٹیڈیم ٹرف گرانڈ، لاڈر ہل، فلوریڈامیں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم کے کپتان شائی ہوپ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بعد میں غلط ثابت ہوا۔
\\پاکستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بناکر میزبان ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 179 رنز کا ہدف دیا۔ صائم ایوب نے 38 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 خوبصورت چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 57 رنز کی دلکش اننگز کھیلی،فخر زمان نے 28 اور حسن نواز نے 24 رنز بنائے ، دیگر بیٹرز میں فہیم اشرف 16،صاحبزادہ فرحان 14، کپتان آغا سلمان ناقابل شکست 11، محمد نواز 9رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سیشیمار جوزف نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ جیسن ہولڈر، عقیل حسین اور روماریو شیفرڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز کی ٹیم 179 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بناسکی۔ ویسٹ انڈیز کے اوپپنگ بلے بازوں جانسن چارلس اورجیول اینڈریو نے بالترتیب 35-35 رنز بناکر اپنی ٹیم کو جاندار آغاز فراہم کیا لیکن پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی نے ان کے عزائم خاک میں ملا دیئے، جیسن ہولڈر ناقابل شکست 30 اور شیمار جوزف ناقابل شکست 21 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
یوں پاکستان کی ٹیم نے میزبان ٹیم کو 14 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی۔پاکستان کے محمد نواز نے 3 ،صائم ایوب نے 2 جبکہ شاہین آفریدی اور سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کے صائم ایوب کو آل راؤنڈ کارکردگی پر مردمیدان قرار دیا گیا۔
