لاہور: اداکارہ و میزبان مشی خان نے کامسیٹس یونیورسٹی لاہور کے اسسٹنٹ پروفیسر، ڈاکٹر طیب چوہدری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شخص پڑھائی اور تعلیم کے نام پر ایک دھبہ ہے، اس نے یتیم بچے کو پوری کلاس کے سامنے بے عزت کیا، یہ کیسا تعلیمی نظام ہے؟۔
انسٹاگرام پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ نہ جانے اور کتنے طلبہ کو ایسے نام نہاد استاد کی تضحیک کو برداشت کرنا پڑتا ہوگا یہ پروفیسر 2015 سے اس سرکاری ادارے میں کام کر رہا ہے جس نے کلاس کے 50 سے 60 بچوں کے سامنے ایک طالب علم کو اس بات پر بے عزت کیا کہ اس کے پاس لیپ ٹاپ نہیں تھا۔
اداکارہ نے طالب علم اور پروفیسر کی بات چیت کو پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ اس طالب علم نے بتایا بھی کہ گزشتہ برس اس کے والد انتقال کر گئے تب بھی پروفیسر نے اس کی تضحیک کرتے ہوئے کہا کہ کیا تمہارے گھر میں کوئی اور کمانے والا نہیں ہے۔ بھائی ہے یا وہ بھی انتقال کر گیا ہے۔
مشی خان کے مطابق اس کے بعد پروفیسر طیب چوہدری نے دیگر طالب علموں سے کہا کہ وہ ایک دوسرے سے خیرات جمع کریں تاکہ زکوة خیرات کے پیسوں سے یہ طالب علم لیپ ٹاپ لے سکے۔
