اسلام آباد: کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ شہادتیں، جیلیں اور بربادی کشمیریوں کا مقدر بنا دی گئی، جب آخری پناہ گاہ بھی چھن جائے تو مظلوم کی فریاد عرش کو ہلا دیتی ہے، کشمیر کے درد کو دبانے کے لیے انسانیت کو پامال کیا جا رہا ہے، ہندوستان کے کالے قوانین کے تحت کشمیریوں پر ظلم اب ناقابل برداشت ہو چکا ہے، کشمیریوں سے زندگی اور شناخت چھینی جا رہی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کو انصاف کا کوئی موقع دیے بغیر ان کی چھت تک چھین لی گئی ہے اور حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کو دبانے کے لیے زنجیروں اور بندوقوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ دہائیوں کی قربانیوں کے باوجود دنیا کشمیریوں کے درد پر خاموش ہے جبکہ ہندوستان نے کشمیریوں کے کاروبار، زمینیں اور دریا تک ہتھیانے شروع کر دیے ہیں، اقوام متحدہ کو اب جاگنا ہوگا ورنہ تاریخ خاموشی کی سزا دے گی۔
